
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں کر رہی، حکومت چاہے تو آج بھی انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرکے معاملات کو بہتر بنا سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج اور صحت کے معاملے پر شفافیت ضروری ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرے اور ان کے علاج کے حوالے سے خاندان اور معالجین کو اعتماد میں لیا جائے۔
انہوں نے حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مذاق سے بڑھ کر مذاق کیا ہے، اگر بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کردیا جائے تو بہت سے معاملات خود بخود بہتر ہوسکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تمام خدشات دور کرنے کے لیے انہیں بہتر طبی سہولیات اور اہلِ خانہ و معالجین تک مناسب رسائی فراہم کی جائے۔
